کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے اپنے چھٹے کانووکیشن میں تعلیمی سال 2023-2024 کے دوران بیچلرز اور ماسٹرز پروگرامز سے 505 فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریاں عطا کیں۔
اس سال یونیورسٹی نے پہلی بار ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے فارغ التحصیل طلبہ کو بھی ڈگریاں عطا کی گئیں، کانووکیشن میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، فارم ڈی، بی ایس این، بی بی اے (آنرز)، بی بی اے ایچ سی ایم، اور بی ایس پبلک ہیلتھ پروگرامز کے ساتھ ساتھ ماسٹرز پروگرامز، جن میں ماسٹر آف سائنس ان پبلک ہیلتھ (MSPH) اور ماسٹر آف ہیلتھ پروفیشنز ایجوکیشن (MHPE) شامل ہیں، کے فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے ڈی پی ٹی کے پہلے گریجویٹ بیچ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ میں پی ایچ ڈی پروگرامز کے آغاز کا اعلان کیا، اور کہا کہ جناح اسپتال میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 100 سے زائد کلینیکل فیکلٹی کی شمولیت کی گئی ہے۔
دریں اثنا، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے جناح اسپتال میں پہلے ویسکیولر سرجری یونٹ کا افتتاح کیا، انھوں نے ویلیکا اور لانڈھی کیمپس کی مکمل فعالیت، فلسطینی طلبہ کی فیس معافی اور 25 نئے فلسطینی طلبہ کے داخلے کو بھی یونیورسٹی کی ترقی کا حصہ قرار دیا۔
کراچی میں ایک بار پھر کرونا کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے
کانووکیشن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گریجویٹس کو اعزازات سے نوازا گیا، ڈاکٹر محمد اعزاز الرحمٰن (ایم بی بی ایس) اور ڈاکٹر امیرہ عمر (بی ڈی ایس) کو بہترین گریجویٹ قرار دیا گیا، جب کہ ڈاکٹر امیرہ نے تین میڈلز حاصل کیے۔ دیگر بہترین گریجویٹس میں ڈاکٹر عریبا خان (فارم ڈی)، حریرہ احمد (بی ایس این)، ڈاکٹر حرا نوید (ڈی پی ٹی)، ادیبہ شاہ (بی بی اے-ایچ سی ایم)، فبیحہ افضل (بی بی اے)، نیہا (بی ایس پی ایچ)، اور ڈاکٹر کرن فاطمہ (ایم ایس پی ایچ) شامل ہیں۔
مختلف پروگرامز کے نمایاں طلبہ کو گولڈ، سلور، اور برونز میڈلز دیے گئے، مجموعی طور پر 19 گولڈ، 7 سلور، اور 5 برونز میڈلز دیے گئے۔ جب کہ کانوکیشن میں پروفیسر آمنہ ریحانہ، پروفیسر محمد اظہر مغل، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہین پروین، ڈاکٹر شہلا امام، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احسان احمد، ڈاکٹر بشریٰ حنا، لیکچرار ڈاکٹر انعم پریو اور ڈاکٹر صائمہ عباد کو بہترین ٹیچر ایوارڈ دیا گیا۔