گلگت : دیامر میں اسکولز جلانے کے واقعات پر گلگت بلتستان حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی،ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا ہے کہ علم دشمنوں کا مقابلہ نئے تعلیمی اداروں کے قیام سے کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں چلاس کے علاقے میں اسکولز جلانے کے واقعات کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے داریل تانگیر میں حالات معمول کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا جے آئی ٹی ڈی آئی جی دیامر کی سربراہی میں بنائی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام اور علمائے کرام کا بھرپور تعاون حاصل ہے، دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جزوی طور پر جاری ہے، حکومت ہر صورت میں اپنے رٹ قائم رکھے گی۔
مزید پڑھیں : گلگت: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، اسکول جلانے والوں کا اہم کارندہ ساتھی سمیت گرفتار
ترجمان نے کہا کہ علم دشمنوں کا مقابلہ نئے تعلیمی اداروں کے قیام سے کریں گے۔
واضح رہے کہ 3 اگست کو گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں نامعلوم تعلیم دشمن شرپسندوں نے 12 اسکولوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی تھی۔
جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے چلاس اور دیامر میں اسکولوں کوجلانے کےواقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور سیکرٹری گلگت بلتستان سے اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی تھی۔
دوسری جانب دیامیر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے باعث اہم گرفتاریاں عمل میں آئیں ہیں ، اسکول تباہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ملزمان کی تعداد سترہ ہوگئی۔