اسلام آباد: پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کرنے والے پاکستانی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھارتی ایئربیس پرہونے والے حملے کی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ چند دنوں میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے پٹھان کوٹ حملے کو بغیر کسی واضح ثبوت کے پاکستان کے خلاف محض ایک پروپیگنڈا ٹول کے طور پراستعمال کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کی تحقیقاتی کمیٹی کے ہمراہ تعاون کرنے کے بجائے ان کی تفتیش کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہی۔
جے آئی ٹی رپورٹ نے بھارتی دعوے کی سچائی پرسوال کھڑا کیا ہے، ذرائع نے جے آئی ٹی کو آگاہ کیا بھارتی دعوے کے برعکس حملہ چند گھنٹوں میں ہی ختم ہوگیا تھا۔
رپورٹ کے مندرجات کے مطابق بھارتی حکام یہ ثابت کرنے میں ناکام رہےہیں کہ حملہ آورپاکستان سے بھارت میں داخل ہوئے تھے۔ چند گھنٹوں میں ختم ہونے والے ڈرامے کو بھارتی حکومت نے عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے کے لئے تین دن تک چلایا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی جے آئی ٹی کو پٹھان کوٹ ایئربیس کے مرکزی دروازے کے بجائے ایئربیس میں پیدا کیے گئے ایک تنگ راستے سے لے جایا گیا۔ ٹیم کو محض 55 منٹ بیس میں رکنے کی اجازت دی گئی اورحمکے کے شواہد اکٹھا کرنے سے منع کردیا گیا۔
ٹیم کے مطابق بھارتی حکام کے مطابق جس جگہ سے حملہ آور بیس میں داخل ہوئے وہاں پر ایسی کوئی خاص تباہی کے آثار نہیں ملے جب کہ ٹیم کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حملے کے دن پیری میٹر لائٹس بھی کام نہیں کررہی تھیں۔
مجموعی طور پر جے آئی ٹی نے بھارتی واویلے کو محض پروپیگنڈا قراردیا ہے۔