لاہور : جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کے قریبی رشتہ دارسے پوچھ گچھ کی اور ملزم کی ماضی سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جاری ہے ، جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے حملہ آور نوید کے حراست میں لیے گئے قریبی رشتہ دار سے پوچھ گچھ کی۔
جے آئی ٹی کی جانب سے پوچھ گچھ کے دوران نوید کے ماضی سے متعلق بھی معلومات لی گئیں۔
جی آئی ٹی نے حراست میں لیے گئے وقاص اور ساجد بٹ سے بھی تفتیش کی ہے، نوید نے وقاص اور ساجد بٹ سے بیس ہزار روپے میں اسلحہ خریدا تھا۔
جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے دونوں سے پوچھا کہ ملزم نے کیا کہہ کر اسلحہ خریدا۔
تفتیشی ٹیم کے کنوینئر غلام محمود ڈوگر ایک رکن سید خرم علی شاہ وزیر آباد سے کل لاہور پہنچ گئے ہیں۔
یاد رہے جے آئی ٹی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ملزم نوید سے حالات و واقعات پر پوچھ گچھ کی تھی، ملزم نوید نے جے آئی ٹی کو بیان میں کہا تھا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے، اکیلے ہی حملے کی منصوبہ بندی کی ہے، فائرنگ کے بعد کنٹینر سے دائیں گلی سے فرار ہو جانا تھا لیکن پکڑا گیا۔
ملزم کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی یا دینی جماعت سے تعلق نہیں ، مجھے کسی نے حملہ کرنے کو نہیں کہا تھا، 2 گھنٹے فائرنگ کےموقع کی تلاش میں تھا اور کنٹینر کے آگے پولیس نہ ہونے پر سامنے آ کر فائرنگ کر دی۔