کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ جےآئی ٹی رپورٹ ایسے ہی ہے جیسے ماڈل ٹاؤن سانحہ ہے، آپ کے ظلم کی داد رسی قدرت ہی کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مولابخش چانڈیو نے نواز حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاناماکیس میں معجزے ہوتے رہے روز کوئی نہ کوئی خبرآرہی ہے، رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جےآئی ٹی کی رپورٹ بھی عوام کے سامنے آگئی ہے، اس کے آنے سے جمہوریت کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں ہے۔
لیگی رہنماؤں کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، کیسا خطرہ ہے؟ یہ کہتے ہیں وزیراعظم کو کچھ ہوا تو ملک خطرے سے دوچار ہوگا، کہا جاتا تھا کہ ہم عدلیہ کے پیچھے کھڑے ہیں اب آپ کو کیا ہوگیا؟
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ جےآئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی اوراس نے ہی بااختیار بنایا، جے آئی ٹی سے باہر آکر یہ لوگ دھمکیاں دیا کرتےتھے، میں سوچتا تھا کہ اس بلڈنگ میں آخر ایسا ہے کیا کہ جو باہرنکلتا ہے اسے برا بھلا کہتا ہے۔
وفاقی حکومت میں موجود کچھ ذہین لوگ اس معاملے پر خاموش ہوگئے ہیں، میاں صاحب آپ کےبھائی صاحب بھی سمجھدارہیں کیونکہ وہ خاموش ہیں، ذہین وزرا کومعلوم ہے یہ عدلیہ سے ٹکراؤ ہے، آپ نےماڈل ٹاؤن میں قتل عام کیا،اقلیتوں کونشانہ بنایا۔
مولابخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے پہلے فیصلے میں دوججز نے وزیراعظم کو نااہل قراردیا، تین ججوں کا فیصلہ بھی خطرناک تھا، انہیں معلوم ہی نہیں ہوا یہ لوگ مٹھائیاں تقسیم کرتےرہے، جےآئی ٹی بننے کے چند دن بعد حکومتی لوگوں کا جوش دیکھنے کے قابل تھا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر بڑے جوش و خروش سے مٹھائیاں تقسیم کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف ہمارے ایسے الفاظ نہیں ملیں گے، بی بی شہید کو بھی تنگ کیا گیا لیکن ہم نہیں روئے، مسلم لیگ ن نے اپنے ہرمحسن کو رسوا کیا، جتنے مرہم رکھ لو ہم بھٹو کا جانابھول نہیں پائیں گے، عوام کی کیفیت کو موجودہ حکومت نہیں سمجھ سکتی۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پانامالیکس کے آتےہی تاریخ بنانے کاوقت تھا، میاں صاحب آپ کو اسی وقت استعفیٰ دے دینا چاہیےتھا، آپ اسمبلی میں کہتےتھے عوام کےسامنے جواب دہ ہوں، اب جب جےآئی ٹی کا فیصلہ آیا ہے تو اب پھرآپ نے کمرکس لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی لوگوں کی جانب سے جے آئی ٹی کیخلاف ایسی گفتگوکی جاتی ہے، عدلیہ کو دھمکیاں دینے والےآپ کے وزرا کی لائن لگ گئی ہے۔