کراچی: محراب پور میں قتل کیے جانے والے صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر محراب پور میں قتل کیے جانے والے صحافی عزیز میمن کے قتل کی تحقیقات کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے 9 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی میں پولیس، آئی بی، اسپیشل برانچ کے افسران شامل ہیں، جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کریں گے۔جے آئی ٹی صحافی عزیز میمن کے قتل کے اسباب، محرکات کا جائزہ لے گی، جے آئی ٹی صحافی کے قتل پر رپورٹ 15 روز میں پیش کرے گی۔
مزید پڑھیں: صحافی عزیز میمن کا قتل، بھائی نے پوسٹ مارٹم رپورٹ مسترد کردی
واضح رہے کہ چند روز قبل ایس ایس پی ولی اللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ صحافی عزیز میمن کی موت طبعی ہے انہیں قتل نہیں کیا گیا ہے، صحافی عزیز میمن کے بھائی نے پوسٹ مارٹم رپورٹ مسترد کرتے ہوئے قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں قتل ہونے والے صحافی عزیز میمن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ لیبارٹریز اینڈ کیمیکل ایزیمائنر کراچی سے جاری کردی گئی ہے۔ ڈاکٹر شاہد مصطفیٰ کے مطابق عزیز میمن کے جسم کے 15 سیمپل موصول ہوئے، سیمپلز میں مرحوم کے کپڑے اور بوٹ بھی شامل تھے، موت طبعی ہے۔