ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

انار کلی دھماکے پر جے آئی ٹی بنانے کی منظوری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں انار کلی دھماکے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کی منظوری دے دی گئی، دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں لاہور کے انار کلی دھماکے سے متعلق اب تک کی پیشرفت پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

کابینہ کمیٹی نے انار کلی دھماکے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم ۔ جے آئی ٹی) بنانے کی منظوری دے دی۔

وزیر قانون نے آئندہ ہفتے سیالکوٹ واقعے کے چالان کو بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر تمام ریلیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، غیر ملکیوں کے سیکیورٹی پلان کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔

صوبائی وزیر قانون نے ہوم ڈپارٹمنٹ کے کنٹرول روم کو اپ گریڈ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں ہونے والے تقریباً تمام واقعات کے ملزمان ٹریس کر لیے گئے، گزشتہ روز قتل ہونے والے صحافی کے کیس میں ملوث ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے ایونٹ کی سیکیورٹی کو پہلےسے بھی بہترین بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ پولیس شہدا پیکج کی بھی منظوری دی گئی۔

واضح رہے کہ 20 جنوری کو لاہور کے علاقے انار کلی میں ٹائم ڈیوائس دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 9 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں