لندن: انگلش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر کو پروٹوکول توڑنے پر اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر بائیو سیکیور حصار توڑنے پر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جوفرا آرچر کو پانچ دن تک آئسولیشن میں رہنا ہوگا، آئسولیشن کی مدت کے بعد اُن کو منفی ٹیسٹ آنے پر اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔
جوفرا آرچر نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے بنائے بائیو سیکیور رولز کی خلاف ورزی پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غلطی کی وجہ سے تمام کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف مشکل میں پڑ گئے۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے پر افسوس ہے۔آرچر نے دوبارہ ایسی غلطی نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے کرونا وائرس کے باعث 4 ماہ کے تعطل کے بعد ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی ہے۔