میرانشاہ: امریکی سینیٹر جان مکین کی قیادت میں آنے والے چار رکنی وفد نے پاکستانی حکام کے ہمراہ میران شاہ کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر حاضری دی، امریکی وفد کا کہنا تھا کہ میران شاہ کی پرامن صورتحال دیکھ کر اطمینان ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ امریکی وفد نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، وفد کو میران شاہ آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، امریکی وفد نے علاقے کے انتظامی معاملات کو سراہا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینیٹر جان مکین نے پاکسستانی حکام کے ہمراہ میران شاہ کا دورہ کیا اور وہاں آپریشن کے بعد آباد کاری کا جائزہ لیا، حکام نے انہیں آپریشن سے حاصل کردہ نتائج پربریفنگ بھی دی.
جان مکین اور وفد کے دیگر ارکان نے میران شاہ میں ہونے والے آپریشن میں حصہ لینے والے کوبرا ہیلی کاپٹرز کے پائلٹس سے ملاقات کی اور ان سے آپریشن کے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔
جان مکین کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مثبت پیغام لے کر جارہے ہیں ، میران شاہ کا دورہ کرکے حیرت ہوئی امن و امان کی صورتحال دیکھ کر اطمینان ہوا، پاک امریکا تعلقات کی مضبوطی کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ای پی آر کے مطابق وفد نے دہشت گردوں کے تباہ شدہ خفیہ ٹھکانوں کا بھی دورہ کیا اور آپریشن ضرب عضب میں زخمی ہونے والے فوجیوں سے بھی ملاقاتیں کی،وفد نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے ذریعے حاصل شدہ کامیابیوں میں پاک فوج کے کردارکو سراہا اور بے گھر افراد کی باعزت طریقے سے واپسی اور بحالی کے کردار کو سراہا۔