بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ایمبر ہرڈ سے مقدمہ جیتنے کے بعد جونی ڈیپ کا بیان آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جونی ڈیپ نے سابقہ اہلیہ و اداکارہ ایمبر ہرڈ کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیتنے کے بعد پہلا بیان جاری کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈیڑھ ماہ تک چلنے والے مقدمے کی سماعت میں دونوں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے گئے تاہم فیصلہ اداکار جونی ڈیپ کے حق میں آیا جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان شیئر کردیا۔

اداکار نے اپنے بیان میں کہا کہ ’6 سال پہلے پلکیں جھپکتے ہی میری زندگی سمیت میرے بچوں، قریب ترین لوگوں اور ان افراد کی زندگیاں جنہوں نے کئی سالوں سے میرا ساتھ دیا اور مجھ پر یقین کیا، ہمیشہ کے لیے بدل گئیں۔‘

جونی نے عدالت کے فیصلے پر لکھا کہ ‘اب 6 سال بعد جیوری نے مجھے میری زندگی واپس لوٹا دی ہے جس کے لیے میں ان کا بے حد شکرگزار ہوں۔’

انہوں نے لکھا کہ ’میڈیا کے ذریعے مجھ پر مجرمانہ، بے بنیاد اور سنگین نوعیت کے الزامات لگائے گئے جس سے نفرت انگیز مواد کے سلسلے کا آغاز ہوا جس نے میرے کیرئیر اور زندگی کو متاثر کیا’۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’مجھے معلوم تھا کہ اس کیس کے دوران مجھے کن مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور یہ سب میری زندگی پر کیسے اثرات مرتب کرے گا، اس کیس کو عدالت میں لانے کا میرا مقصد ابتداء سے ہی حقیقت کو ظاہر کرنا تھا، پھر چاہے نتیجہ میری سوچ کے برعکس ہی کیوں نہ ہوتا’۔

انہوں نے کہا کہ ’بہتری ابھی آنا باقی ہے اور آخر کار ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے اور سچائی کبھی ختم نہیں ہوتی۔‘
جونی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ پر 50 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کیا تھا جس کے بعد ہرڈ نے اداکار کے خلاف 100 ملین ڈالر کا مقدمہ دائر کردیا، دونوں کا دعویٰ تھا کہ ایک دوسرے نے انہیں بدنام کیا۔

تاہم گزشتہ روز جونی ڈیپ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں