کراچی : پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کی تین اہم وکٹیں گرا دیں، حاجی مظفرشجرہ، عبدالقادربلوچ، عبدالباری جیلانی نے تحریک انصاف میں شمولیت حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کراچی صدر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملیر سے اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہوئی ہیں، حاجی مظفرشجرہ، عبدالقادربلوچ اور سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی عبدالباری جیلانی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
حاجی مظفر شجرہ بہت نرم دل اور دیانت دار انسان ہیں، پاکستان تحریک انصاف میں جو بھی آتا ہے وہ نئے پاکستان کا عزم کر کے آتا ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مظفرحسین شجرہ نے کہا کہ نے کہا کہ عزت کی خاطر پی ٹی آئی میں شامل ہوا ہوں مجھے امید ہے کہ عزت ملے گی، محنت اور لگن سے پی ٹی آئی میں کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی جدوجہد متاثر کن ہے، عبدالقادربلوچ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے10سالہ دور میں سندھ مسائل کا گڑھ بن گیا۔ اب پاکستان پیپلز پارٹی کے بس کی بات نہیں کہ وہ سندھ کے مسائل حل کرسکے، ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے وژن کو پورا کریں گے اور خصوصاً کراچی اور سندھ کے مسائل حل کریں گے۔
دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ مظفرشجرہ کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، مظفرشجرہ نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی، بلاول بھٹو نے مظفرشجرہ کی بنیادی رکنیت خود ختم کی تھی، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عبدالباری جیلانی کبھی بھی پیپلز پارٹی میں نہیں رہے۔