پاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی ق لیگ میں شمولیت کے معاملے پر چوہدری شجاعت نے پارٹی رہنماؤں کو منحرف اراکین سے رابطوں کا اختیار دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین اسمبلی کے مسلم لیگی قیادت سے ملاقاتوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں ملتان اور جنوبی پنجاب سے سات اراکین شامل ہیں جو ق لیگ میں شمولیت کے خواہشمند ہیں۔
اس حوالے سے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی پارٹی میں شمولیت کے لیے ان سے رابطوں کا اختیار دے دیا ہے، یہ ٹاسک چوہدری سرور، چوہدری شافع، مصطفیٰ ملک اور انصر فاروق کو دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کا مسلم لیگ ق کے ٹکٹ کے حصول پر اصرار ہے اور انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ آئندہ انتخابات پی ڈی ایم سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بغیر لڑا جائے۔
دوسری جانب اس معاملے پر مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت پارلیمانی بورڈ کرے گا۔ صاف ستھری شہرت کے حامل افراد کو پارٹی میں شامل کیا جائے گا اور شامل ہونے والوں کو پارٹی ڈسپلن کا پابند رہنا ہوگا۔