پبی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
یہ بات آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارازم ٹریننگ سینٹر کے دورے موقع پر کہی جہاں دو ماہ پر مشتمل جنگی مشق 4 میں پاک فوج اور چینی فوج کے مشترکہ فوجی مشقوں کا آخری دن تھا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پبی میں قائم انسداد دہشت گردی سینٹر کا دورہ کیا اور پاک چین فوج کی مشترکہ تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا مشقوں میں شہری اور دیہی علاقوں میں اسپیشل فورسز کی زمینی کارروائیوں سمیت ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کارروائیاں بھی شامل تھیں۔
آرمی چیف نے پاک چین تربیتی مشقیں جنگجو فور کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں کا مقصد دیہی اور شہری علاقوں میں انسداد دہشتگردی کی مہارت بڑھانا تھا اور دہشت گردی کےخاتمے اورقیام امن کے لیے پاکستان دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ مشقوں کا انعقاد کرتا رہے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے انسداد دہشت گردی کے تربیتی سینٹرز اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جدید سہولیات اور موثر منصوبہ بندی کے باعث ساری دنیا میں اہمیت کے حامل ہیں اور دنیا کے کئی ممالک ہمارے سینٹرز میں تربیت کے حصول اور مشترکہ مشقوں کے خواہش مند ہیں۔
اس موقع پر تقریب سے چینی کمانڈر نے بھی خطاب کیا انہوں نے پاک چین مشترکہ فوجی مشقوں پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چینی افواج پاک فوج کے اعلیٰ تربیتی معیار سے فائدہ اٹھاتی رہے گی اور خطے میں قیام امن کے لیے چینی فوج کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔