عمان: اردن کے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہونا پڑا، طیارے میں 133 مسافر سوار تھے۔
تفصیلات کے مطابق اردن کی رائل ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ان کے ایک طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ہے، حکام جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پرواز آر جے 508 قاہرہ سے عمان جا رہی تھی، طیارے کو اردن کے دارالحکومت عمان کے ملکہ عالیہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے مقررہ وقت سے دس منٹ قبل ہنگامی لینڈنگ پر مجبور کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پرواز نے ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر کامیابی سے لینڈنگ کی، ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ جہاز پر سوار تمام 133 مسافر اور عملے کے 6 ارکان محفوظ ہیں، جہاز لینڈ کرنے کے بعد مسافروں اور عملے کو نکال کر ایئر پورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ رائل ایئر لائنز اس وقت متعلقہ حکام کے ساتھ جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے میں مصروف ہے۔