سکھر: صحافی عزیز میمن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول نے قتل سے پہلے مزاحمت کی۔
تفصیلات کے مطابق محراب پور کلب کے صحافی عزیز میمن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، رپورٹ رضوانہ خانزادہ محمد حسین اور ڈاکٹر علی محمد پروفیسر محمد اکبر نے جاری کی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کے ناخن سے ایک سے زائد افراد کے اجزا ملے ہیں، انسانی اجزا ملنے سے پتہ چلتا ہے کہ مقتول نے ملزمان سے مزاحمت کی۔
مقتول صحافی کے بھائی حفیظ میمن نے کہا کہ رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ عزیز میمن کو قتل کیا گیا ہے۔
صحافی عزیز میمن قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت
عدالتی حکم پر گزشتہ ماہ 15 مارچ کو سینئر ڈاکٹرز اور ورثا اور تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی موجودگی میں صحافی کی قبر کشائی کی گئی جس کے بعد ڈاکٹرز نے مقتول کے جسم کے مختلف حصوں کے نمونے حاصل کیے تھے۔
جے آئی ٹی کے مطابق قبر کشائی کے بعد مقتول کا ایکسرے اور پوسٹ مارٹم کیا گیا، ڈاکٹرز نے جو نمونے حاصل کیے۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے شہر محراب پور میں سندھی چینل کے رپورٹر عزیز میمن کی لاش نہر سے برآمد ہوئی تھی جس کے بعد قتل کے شبے میں ان کے ساتھی کیمرا مین سمیت 2 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔