ہفتہ, مارچ 29, 2025
اشتہار

صحافی وحید مراد کو کالعدم تنظیم سے متعلق پوسٹوں پر گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے صحافی وحید مراد کو کالعدم تنظیم سے متعلق پوسٹوں پر گرفتار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اسلام آباد میں اپنے گھر سے مشکوک انداز میں اٹھائے جانے والے صحافی وحید مراد کو آج اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔

جج عباس شاہ نے استفسار کیا کہ صحافی وحید مراد کو کب گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ کل رات گرفتار کیا گیا، حکام نے کہا وحید مراد نے کالعدم تنظیم سے متعلق پوسٹس کی ہیں، ایکس اور فیس بک اکاؤنٹ کے حوالے سے تفتیش کرنی ہے، اس لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

سیشن عدالت کے جج عباس شاہ نے صحافی وحید مراد کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، مراد کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔


اسلام آباد سے لاپتہ صحافی وحید مراد کی بازیابی کی درخواست دائر


واضح رہے کہ وحید مراد کی ساس عابدہ نواز کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے دائر کی، جس میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، آئی جی اور ایس ایچ او کراچی کمپنی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ رات دو بجے کالی وردی میں ملبوس افراد جی ایٹ ہمارے گھر آئے، دو پولیس کی گاڑیاں بھی ان کے ساتھ نظر آ رہی تھیں، کالی وردی میں ملبوس لوگ وحید مراد کو زبردستی اٹھا کر لے گئے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر آئے افراد نے میرے ساتھ بھی بدتمیزی کی، کراچی کمپنی تھانے میں درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں ہوا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وحید مراد کو فوری بازیاب کرانے کا حکم دیا جائے، اور غیر قانونی طور پر اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔

اہم ترین

مزید خبریں