کراچی میں عید قریب آتے ہی اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں صحافی کی موٹر سائیکل گن پوائنٹ پر نامعلوم مسلح افراد چھین کر لے گئے۔
مسلح افراد نے صحافی کے بھائی کو گھر کی دیلیز پر روکا اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔
واردات اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود نواب کالونی میں پیش آئی ہے۔
کراچی کے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کا چوتھا واقعہ پیش آیا ہے، نارتھ کراچی انڈا موڑ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
مقتول کی شناخت 70 سالہ شجاعت کے نام سے ہوئی ہے، ادھر شارع نور جہاں میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔
رواں برس ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 52 ہوگئی جبکہ رمضان المبارک کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر 12 شہری قتل ہوئے۔