اسلام آباد: وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 28مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے،اُس دن ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا دیاگیا۔
تفصیلات کےمطابق یوم تکبیر کے موقع پر وزیراعظم محمدنوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے ایشین ٹائیگر بنانے کےلیےاُسی اتحاد اور جذبے کامظاہرہ کررہی ہے جس کااظہار اُس نے 1998ء میں کیاتھا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ آج سے19 سال پہلے ہم نے جس طرح ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیربنادیاتھا اسی جوش وجذبے کے ساتھ ہم ملکی معیشت کو بھی مضبوط اور مستحکم بنارہے ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ قومی معیشت ایٹمی دھماکے کی طرح تیزرفتاری کے ساتھ ترقی کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری مختلف منصوبوں کامجموعہ ہے جس سے خوشحالی کے ایک نئے دور کاآغاز ہوگا۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کی مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ یوم تکبیر دشمنوں کے لیےایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں انہیں منہ کی کھاناپڑے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے جنوبی ایشیاء میں طاقت کاتوازن قائم ہواہے۔
واضح رہےکہ وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کااقتصادی استحکام علاقائی خوشحالی کی بھی علامت ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ نہ صرف جنوبی ایشیائی بلکہ دوسرے ممالک بھی خطے میں ترقی وخوشحالی کےلیے مل کر کام کریں۔