ریاض: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ جمال خاشقجی کی موت کا واقعہ ایک سنگین غلطی تھا اور اس کیس میں ملوث ذمے داروں کا احتساب کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی ولی عہد شاہ سلمان بن عبدالعزیز جمال خاشقجی کے قاتلوں کے احتساب کے لیے پرعزم ہیں جن لوگوں یہ یہ کام کیا ہے انہوں نے اپنے اختیارات اور اتھارٹی سے تجاوز کیا۔۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بند سلمان ابتدا میں خاشقجی کیس سے آگاہ ہی نہیں تھے، اس واقعے میں ملوث افراد میں سے کسی کے بھی ان سے کوئی قریبی تعلقات نہیں تھے اور نہ ہی شاہ سلمان کے قریبی کوئی لوگ شامل تھے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ جمال خاشقجی کے استنبول میں سعودی قونصل خانے سے باہر نکلنے سے متعلق متضاد رپورٹس منظر عام پر آنے کے بعد ہی تحقیقات شروع کردی گئی تھی، سعودی عرب ان کی موت سے متعلق دستیاب ہونے والی تمام معلومات کو منظر عام پر لائے گا۔
عادل الجبیر نے جمال خاشقجی کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور تسلیم کیا کہ ان کی اس طرح موت ایک غیر معمولی واقعہ ہے اور یہ ایک بڑی اور سنگین غلطی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکام خاشقجی کی لاش کی تلاش کے لیے کام کررہے ہیں اور وہ قونصل خانے میں رونما ہونے والے واقعے کی مکمل تفصیل کے تعین کی بھی کوشش کررہے ہیں۔