چنیوٹ: پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں ایڈیشنل سیشن جج خرم شبیر نے 4 ماہ کے بچے اور باپ کی ضمانت لے لی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بچے کے لیے ضمانتی مچلکے دینے کی ضرورت نہیں، جج نے 31 مارچ کو مقدمے کے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ چنیوٹ پولیس نے چار ماہ کے ننھے بچے پر مقدمہ درج کیا تھا، مقدمہ درج ہونے کے بعد والد ننھے بچے کو لے کر عدالت پہنچ گیا تھا۔
جج خرم بشیر نے ریمارکس دئیے کہ چار ماہ کے حسنین پر مقدمہ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، پولیس چار ماہ کے بچے اور اس کے باپ کی گرفتاری سے باز رہے۔
ایڈٰیشنل سیشن جج نے کہا کہ عبوری ضمانت کی آئندہ سماعت 31 مارچ کو ہوگی۔
یاد رہے کہ پولیس نے ننھے بچے پر مقدمے کا اندراج تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت تھانہ بھوانہ میں سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، ایف آئی ار میں چار ماہ کے بچے پر ساتھیوں سمیت ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا تھا۔