اسلام آباد : سپریم کورٹ کے جج کا اسٹاف آفیسر بن کر افسران سے نوسربازی کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں قانون کی گرفت میں آگیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم مستنصر بلا شاہ کو گرفتار کیا، ملزم کئی افسران سے بھاری رقوم بھی بٹور چکا ہے۔
اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ ملزم مستنصر بلا شاہ مختلف سرکاری افسران کو اپنے جھانسے میں لے کر ان سے بھی ناجائز فائدہ لیتا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم سی ڈی اے کے افسران پر بھی ناجائز حمایت کے لئے ان پر دباؤ ڈال رہا تھا۔ ملزم کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ فون کے ذریعے سرکاری افسران پر دباؤ ڈالتا تھا۔
اطلاع ملنے پر ملزم کیخلاف ڈپٹی رجسٹرار ایڈمن سپریم کورٹ کی شکایات پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ملزم بعض جگہ پر خود کا تعارف بطور جوڈیشل مجسٹریٹ یا جوڈیشل آفیسر کہہ کر بھی کراتا تھا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔