ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش کردی۔

جوڈیشل کمیشن کا انتہائی غیر معمولی اجلاس چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر جج صاحبان ، اٹارنی جنرل ، پاکستان بار کونسل ، سندھ اور پنجاب کے وزرائے قانون اور دیگر نے سپریم کورٹ میں جج کی خالی اسامی، لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلیے تعیناتی،سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور جوڈیشل کمیشن قواعد 2010ء میں ترامیم پر تفصیلی غور کیا۔

سپریم کورٹ میں جج کی ایک بقیہ اسامی کو پر کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اعجاز الحسن کو سپریم کورٹ کا جج بنانے اور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کے نام کی سفارش کردی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی مجاز تعداد 40 میں موجودہ 7ججز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے چار ناموں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رشید سومرو، تین سینئر وکلا ارشد حسین خان، سلیم جیسر اور ہمایوں خان کے ناموں کی سفارش کردی تاہم تین وکلا مسعود خان، عبدالحمید اور سرفراز اخوند کے نام ڈراپ کر دئیے گئے یوں چار ججز کی ممکنہ ایڈیشنل ججز تقرری سے سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی موجودہ تعداد 33 سے بڑھ کر 37 ہوجائے گی جبکہ سفارش کردہ تمام نام ججز کمیٹی کو ارسال کردیے گئے،صدر مملکت تمام ناموں کی حتمی منظوری دیں گے۔

کمیشن نے جوڈیشل کمیشن قواعد 2010ء میں مناسب ترامیم کےلیے چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی اراکین میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف ،پاکستان بار کونسل کے نمائندہ یاسین آزاد ، پنجاب بار کونسل کے نمائندہ جاوید ہاشمی اور جسٹس (ر) جاوید اقبال شامل ہیں جبکہ کمیٹی جلد قواعد میں ترامیم کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرنے کا آغاز کرے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں