اسلام آباد : جوڈیشل کمیشن کے رکن ایڈووکیٹ اختر حسین نے استعفیٰ دے دیا، انھوں نے استعفیٰ حالیہ ججز تبادلوں اور سنیارٹی کے معاملے پر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے رکن ایڈووکیٹ اختر حسین مستعفی ہوگئے ، ایڈووکیٹ اختر نے استعفیٰ چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کو بھجوادیا ہے۔
استعفے میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں ، پاکستان بار نے آئینِ 1973 کے تحت 3بارجوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کیا اور میں اپنی ذمہ داریاں بہترین صلاحیتوں کے مطابق انجام دیتا رہا۔
ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ حالیہ عدالتی تقرریوں سےمتعلق تنازعات پر مزید کام جاری نہیں رکھ سکتا، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔
نیا رکن نامزد کرنے کیلئے استعفے کی کاپی پاکستان بار کونسل کو ارسال کر رہا ہوں اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے معزز اراکین کی خدمت میں سلام پیش کرتا ہوں۔
استعفے کے متن میں مزید کہا گیا کہ عدلیہ اور جمہوری اداروں کی خودمختاری کیلئے کوششیں جاری رکھوں گا، اعتماد کرنے پر چیئرمین پاکستان بار کونسل کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ سے درخواست ہے آئین کے مطابق میری جگہ نیا رکن نامزد کیا جائے۔