جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اورفریال تالپورکے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران معزز جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ جیل والے ملزمان کہاں ہیں؟، جیل والے ملزمان کو ابھی نہیں پہنچایا گیا جس پر پولیس نے بتایا کہ جیل ملزمان کو کچھ دیر تک پیش کر دیں گے۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ انور مجید کو ابھی تک نہیں لایا گیا؟ جس پر وکیل فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ انورمجید کو ڈاکٹروں نے فضائی سفر سے منع کیا ہے، میرے پاس یہی اطلاعات ہیں باقی ان کے وکیل بتائیں گے۔

عدالت میں سماعت کے دوران انور مجید کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ پیش کردی، نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہرسماعت پر یہی ایک رپورٹ پیش کر دی جاتی ہے۔

آصف علی زرداری کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کو جیل میں ذاتی مشقتی فراہم کیا جائے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جیل میں سے ہی کسی قیدی کو بطور مشقتی فراہم کیا جاسکتا ہے۔

عدالت نے جیل میں آصف علی زرداری کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعدازاں احتساب عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں