اسلام آباد: ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلم غوری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا گوربا چوف (سابق سوویت یونین کے پہلے اور آخری صدر) قرار دے دیا۔
اسلم غوری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی کے گوربا چوف ہیں، وہ عمران خان کی ہدایات کے باوجود فضل الرحمان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، علی امین گنڈاپور
انہوں نے الزام لگایا کہ وہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) میں فاصلے بڑھانے کی سازش کر رہے ہیں، گرینڈ اپوزیشن میں رکاوٹ سے حکومت اور دیگر کو فائدہ ہوگا، پی ٹی آئی کو بیرونی نہیں اندرونی سازشوں سے خطرہ ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد جب بننے کے قریب ہوتا ہے تو سازشی عناصر اپنا کام شروع کر دیتے ہیں۔
اسلم غوری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی اپنی حکومت کو دوام دینے کیلیے اپوزیشن اتحاد سے خوفزدہ ہیں، پی ٹی آئی قیادت پارٹی کے اندر سازشیوں پر نظر رکھے، اپوزیشن گرینڈ الائنس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے علما کی تضحیک کر کے اپنی ذہنیت کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی وضاحت کرے کہ کیا علی امین گنڈاپور کا علما کے بارے میں بیان ان کی پارٹی پالیسی ہے؟