جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کا انجام ایک دن حسینہ واجد والا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں سے کہتا ہوں طاقت کے زور پرچیزیں نہیں چل سکتیں، ایک دن آئے گا کہ آپ کا انجام بھی حسینہ واجد والا ہوگا، اپنا انجام ان جیسا نہ کرو۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے ایک ساتھی نے کہا نتیجہ غلط ہے ووٹ دوبارہ چیک کیے جائیں، نادرا کی تحقیقات میں پتہ چلا 98 فیصد ووٹ کا پتا نہیں کہاں سے آئے، کیا یہ آپ کا الیکشن ہے، خیبرپختونخوا میں بھی جھوٹا الیکشن ہوا۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ سود کے نظام کو مستقل طور پر ختم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے، نظریہ زندہ رہے گا تو مواقع ملتے رہیں گے، آئینی روح سے قانون ساز ادارہ اسمبلی ہے یہ حق کوئی نہیں لے سکتا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ترمیم دی یکم جنوری 2028 سے ملک کے ہر ادارے سے سود کا خاتمہ ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جہاں اعتراض کرتے تھے تو ہم اس کو اعتماد میں لیتے تھے، مسودہ سامنے آیا تو سب سے پہلے حملہ آرٹیکل 8 پر دیکھنے کو ملا، 56 شقوں پر مشتمل ترمیم پر ہم نے 34 سے حکومت کو دستبردار کروایا۔