لاہور: جے یو آئی نے کارکنان کو فوری سندھ ہاؤس اسلام آباد پہنچنے کے احکامات جاری کردیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جے یو آئی نے کارکنان کو فوری سندھ ہاؤس اسلام آباد پہنچنے کے احکامات جاری کردیے، جے یوآئی ترجمان کا کہنا ہے کہ ارکان کا دفاع ہر حال میں کریں گے، کارکن سندھ ہاؤس پہنچیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ غنڈوں کے جھتے پولیس نگرانی میں ریڈ زون میں داخل کیے جارہے ہیں۔
جے یو آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی بدمعاشی کا ہر حال میں مقابلہ کریں گے، اگر کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی طلبہ تنظیم کے کارکنوں کا سندھ ہاؤس کے باہر احتجاج
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کارکن اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے باہر پہنچے تھے اور منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف احتجاج کیا تھا، کارکنان نے لوٹے اٹھا کر اپوزیشن اور منحرف ارکان کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کے افسران نفری کے ہمراہ سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ گئی تھی اور پی ٹی آئی کارکنان کو راستہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی۔ احتجاج کے بعد مظاہرین سندھ ہاؤس کے مرکزی دروازے کے سامنے سے منتشر ہوگئے تھے۔
بعدازاں عامر مغل کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ ہوا۔ کارکنان نے مطالبہ کیا کہ ضمیر فروش استعفی دیں اور جس مرضی پارٹی میں جائیں۔