کراچی : جمعیت علمائے اسلام کے رہنما راشد سومرو کی ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی دھمکی دے دی اور کہا کہ مجھے لگتا ہے جے یو آئی والوں کے ہاتھ ووٹ کیلئے نہیں، انقلاب کیلئے بنے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما راشد سومرو نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آوور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا فضل الرحمان واحد ہیں، جنہوں نے ستائیس سے ستر سال تک کے شخص سے اسلحہ لے کر ووٹ کی پرچی دی۔
راشد سومرو کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کیساتھ ایسارویہ اختیارکیاجائیگا توراستہ کون ساچھوڑیں گے، جمہوری راستہ نہیں ہوگا تو جے یو آئی کوئی بھی راستہ اختیار کرے گی۔
رہنما جے یو آئی ف نے کہا کہ مجلس عاملہ کی ڈومین نہیں کہ وہ سیاست سے دستبرداری کا اعلان کرے، جنرل کونسل کو اختیار ہے کہ فیصلہ کرے پارلیمانی سیاست کرنی ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے جے یو آئی والوں کے ہاتھ انقلاب کیلئے بنے ہیں ووٹ کیلئے نہیں، جنرل کونسل فیصلہ کرے گی کہ انقلاب کیلئے کون سا راستہ اختیار کرنا ہے۔
وسیم بادامی نے سوال کیا کہ جو بھی راستہ ہوگا شدت پسندی تو نہیں ہوگی ؟ تو راشد سومرو نے جواب دیا ہم کوئی بھی راستہ اختیار کریں گے۔
جمعیت علمائےاسلام(ف)کےرہنما نے بتایا کہ 16 ماہ کی حکومت ختم ہوئی تو پی ڈی ایم عملاً ختم ہی ہوگئی تھی، ہم سب نے ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑا تو پی ڈی ایم کا وجود نہیں تھا، 2018 اور 2024 دونوں میں انتخابات میں دھاندلی کی بات کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس وقت بھی اور آج بھی کسی پارٹی کیخلاف دھاندلی کا الزام نہیں لگایا، 7ووٹ کیساتھ جے یو آئی اس وقت اسمبلی میں بیٹھ رہی ہے، جے یوآئی تواپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرچکی ہے، حکومت میں نہیں جائیں گے۔
راشد سومرو نے کہا کہ ہمارے اختلافات پی ٹی آئی کے ذہن کیساتھ ہیں، پی ٹی آئی اپنے ذہن کو درست کرتی ہے تو ہم ساتھ چل سکتے ہیں۔