کراچی: قومی ائیرلائن کے بدقسمت طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف مبلغ جنید جمشید کے صاحبزادے اپنے والد کے نقش قدم پر چلنے لگے اور جنید جمشید کے سماجی کاموں کو جاری رکھنے کے مشن کا بیڑا اٹھا لیا۔
معروف مبلغ جنید جمشید فلاحی کاموں میں بڑ چڑھ کر حصہ لیتے تھے، یہی وجہ ہے کہ وہ کبھی جھاڑو ہاتھ میں تھامے سڑکوں پر صفائی کرتے نظر آتے تھے تو کبھی نوجوانوں کو موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ لگانے کی ترغیب دیتے تھے۔
جنید جمشید کے فلاحی کاموں کا بیڑا اُن کے بڑے صاحبزادے تیمور نے اٹھایا جو پہلے ہی والد کے نقش قدم پر چلنے کا اعلان کرچکے ہیں، معروف مبلغ کے دونوں صاحبزادوں نے والد کے سماجی کاموں کو جاری رکھنے کا باقاعدہ آغازکردیا ہے۔
تیمور جمشید اور اُن کے چھوٹے بھائی جے ڈی سی اور جامعہ بنوریہ کے ہمراہ کلفٹن کے علاقے میں واقع عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے عقب میں موجود ‘‘فٹ پاتھ اسکول‘‘ پہنچے اور وہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو تحفے تحائف پیش کیے۔
جنید جمشید کے صاحبزادوں نے اسکول کے بچوں سے ملاقاتیں کی اور انہیں تحفے تحائف پیش کرنے کے ساتھ ساتھ این جی او کو رقم عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا، اس موقع پر زیر تعلیم طلبا نے جنید جمشید کے حمدیہ کلام بھی پیش کیے۔
خیال رہے فٹ پاتھ اسکول مقامی نوجوانوں کی مشترکہ کاوش سے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے تعمیر کردہ پل کے نیچے گزشتہ کئی ماہ سے اپنے کام سرانجام دے رہا ہے اور وہاں بچے روزانہ کی بنیاد پر تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں۔