دین کی خاطر میوزک انڈسٹری کو خیر بعد کہنے والے پاکستان کے معروف سابق گلوکار و نعت خواں اور مذہبی اسکالر جنید جمشید کے موت سے قبل آخری جذبات سے متعلق ان کی دوسری اہلیہ نے بتادیا۔
جنید جمشید ایک ایسی شخصیت ہیں جنہیں تمام پاکستانی متفقہ طور پر پسند کرتے ہیں، زندگی میں اس کی تبدیلی بہت سے لوگوں کے لیے ایک تحریک رہی ہے۔
المناک طیارے کے حادثے میں ان کی موت نے سب کو ہلا کر رکھ دیا تھا، لوگ ان کے اہل خانہ اور پیاروں سے مل کر روتے ہوئے بھی نطر آئے، اور وہ آج بھی ملک کی سب سے زیادہ قابل تعریف شخصیات میں سے ایک ہیں۔
معروف نعت خواں اور مذہبی اسکالر جنید جمشید کی دوسری اہلیہ رضیہ جنید نے حال ہی میں پہلی بار ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے جنید جمشید کی روانگی سے قبل کے جذبات سے متعلق گفتگو کی۔
پوڈ کاسٹ میں رضیہ جنید نے فیملی کے ساتھ اپنے آخری لمحات بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیے، انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اُس وقت چترال جانے سے پہلے بے چین تھے۔
مرحوم جنید جمشید کی اہلیہ نے کہا کہ وہ بہت سفر کرتے تھے، اور چترال جانے سے قبل ہی وہ امریکا سے آئے تھے، بے چینی کی وجہ پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ چترال میں کتنی سردی ہو گی، انہیں وہاں 5-6 دن رہنا تھا لیکن وہ 10 دن تک رک گئے۔
رضیہ جنید نے بتایا کہ میں نے محسوس کیا تھا کہ وہ چترال جانے سے قبل کچھ اداس تھے اور وہاں جانے کے بعد بھی نیٹ ورک کے مسائل ہونے کے باوجود مسلسل رابطے میں رہے اور اپنی خریت کی اطلاع دیتے رہتے تھے۔
جنید جمشید کے صاحبزادے کی ویڈیو نے ماضی کی یاد دلادی
انہوں نے کہا کہ چترال سے جب نکل رہے تھے تو انہوں نے مجھ سے کہا کہ آج رات کا کھانا ساتھ کھائیں گے، انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ مجھے کچھ چاہیے یا نہیں، میں نے اس دن کھانے کی ساری تیاری بھی مکمل کرلی تھی۔
دورانِ انٹرویو رضیہ جنید یہ یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں کہ کس طرح انہیں جنید جمشید کی موت کی اطلاع موصول ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ میں قرآن کلاس لے رہی تھی، میرے ہاتھ میں قرآن تھا کہ تو جنید جمشید کے منیجر کی کال موصول ہوئی، جب میں نے ان سے جنید کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ جنید کا طیارہ مل نہیں رہا، اور میں ایبٹ آباد جا رہا ہوں۔
” یہ سن کر مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا، ہمارے پاس ٹی وی نہیں تھا تو میں نے بیٹے سے کہا کہ انٹرنیٹ پر دیکھ کر بتائے کہ کیا ہوا ہے، تب ہمیں پتہ چلا کہ جنید کے طیارے کو حادثہ پیش آ یا ہے، عدت مکمل ہونے کے بعد میں اس مقام پر بھی گئی جہاں یہ حادثہ پیش آیا تھا”
یاد رہے کہ جنید جمشید 7 دسمبر 2016 کو چترال سے اسلام آباد آنے والے طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے، رپورٹس کے مطابق ان کے ساتھ ان کی اہلیہ نیہا جمشید بھی تھیں۔