کراچی: جون میں شدید گرمی کے باعث کتنے افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوکر اپنی جان گنوا بیٹھے، محکمہ صحت نے اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں کئی روز سے جاری ہیٹ ویو نے شہریوں کی زندگی بے حال کردی ہے، گرمی کی شدت سے متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، محکمہ صحت نے بتایا کہ جون میں ہیٹ اسٹروک سے 35 افراد جاں بحق ہوئے۔
جون میں کے ایم سی کے زیرانتظام قبرستانوں میں تدفین کے حوالے سے اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے تھے، جس میں بتایا گیا تھا کہ زیادہ تر تدفین گرمی کے شکار افراد کی ہوئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے قبرستانوں میں جون میں زیادہ تر تدفین گرمی کے شکار افراد کی ہوئی، اس ماہ زیادہ تر اموات ہیٹ ویو سے ہوئیں، جون کے پہلے ہفتے میں 430 افراد مختلف قبرستانوں میں مدفون کیے گئے۔
اس سے قبل شہر قائد میں مسلسل تین روز تک سڑکوں پر کئی افراد کی لاشیں بھی ملی تھیں، اس دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 بتائی گئی تھی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں سخت گرمی کے دوران تین روز میں ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 تھی جبکہ 3 لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کی گئیں۔
حکام نے بتایا تھا کہ 24 لاوارث لاشیں سرد خانے میں موجود ہے اور شناخت کا عمل جاری ہے، ملنے والی لاشیں زیادہ تر نشے کے عادی افراد کی تھیں۔