پتایا : ایشین جونئیر اسکواش چیمپئین شپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 2 صفر سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر پتایا میں جاری انیسویں ایشین جونئیر اسکواش چیمپئین شپ میں پاکستان کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ فائنل میں بھی جاری رہا، پاکستان نے سیمی فائنل میں ہانک کانگ کو دو صفر سے شکست دینے کے بعد روائتی حریف کو دھول چٹا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی پلیئرز فرحان ہاشمی اور عباس زیب نے فائنل میں شاندار کھیل پیش کیا، پہلے فرحان ہاشمی نے بھارت کے ویر چوہڑانی کے خلاف 3-2 سے فتح حاصل کی، فرحان ہاشمی نے میچ 11-2، 9-11، 7-11، 11-5، 9-11 سے جیتا تھا۔
دوسرے پاکستانی کھلاڑی عباس زیب نے بھارتی کھلاڑی اتکرش بیہانی کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 3-0 سے فتح اپنے نام کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواش چیمپئین شپ میں ہر کھلاڑی کو پانچ پانچ مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنی تھی، پاکستان کے پہلے دو کھلاڑیوں نے بھارت کو شکست سے فاش کردیا جس کے بعد تیسرا مقابلہ منعقد ہی نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین جونئیر اسکواش چیمپئین شپ کا ٹائٹل جیتنے پر کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے فتوحات کا شاندار سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے پانچوں مقابلوں میں چین، تائپے، سری لنکا، کوریا، ہانگ کانگ کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کے بعد فائنل میں بھارت کو بھی ہرا کر فہرست میں نمایاں مقام حاصل کیا۔
ایشین جونئیر اسکواش چیمپئین شپ پاکستان کی فتح کے بعد اسکواش فیڈریشن نے 2021 کی میزبانی پاکستان کو دے دی۔
جونئیر اسکواش چیمپئین شپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ اسکواش فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری طاہر سلطان نے کی۔