اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس آج سہ پہراسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اپنے منشور میں جنوبی صوبہ سے متعلق کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کرنے جارہی ہے اس سلسلے میں بھرپور کوششیں جاری ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
جنوبی پنجاب کی ایگزیکٹیو کونسل نے وزیراعظم سے اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی تھی، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار جنوبی صوبہ کےمعاملے پر وفاقی کمیٹی کےاراکین شریک ہوں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو کونسل جنوبی پنجاب صوبہ اور عارضی سیکرٹریٹ کیلئے سفارشات دے گی، ایگزیکٹو کونسل کی اکثریت عارضی سیکرٹریٹ اور نئے صوبے کا دارالحکومت بہاولپور میں چاہتی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم جنوبی پنجاب میں ریفارمز کا جلد اعلان کریں گے، سردارعثمان بزدار
دوسری جانب حکومت پہلے مرحلے پر انتظامی سیکرٹریٹ اور پھر نئے صوبے کا قیام چاہتی ہے، وزیر اعظم ایگزیکٹو کونسل کی سفارشات کا جائزہ لے کرحتمی فیصلہ کریں گے۔