لاہور : جسٹس عالیہ نیلم نے لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا اور لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بن گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی۔
تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت ہائی کورٹ کے ججز اور دیگر شعبوں ست تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
حلف برداری کے موقع پر گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت دیگر نے چیف جسٹس عالیہ کو مبارکباد دی ۔
حلف برداری کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں چیف جسٹس نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، انہیں عدالت پہنچنے پر روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جسٹس عالیہ 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی جج مقرر ہوئیں اور انھیں 2015 میں مستقل جج تعینات کیا گیا، ان کو آئین ، وائٹ کالر کرائمز ، دیوانی ، فوجداری ، نیب ، بینکنگ اور دہشت گردی قوانین میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔
وہ صوبے کی دہشت گردی عدالتوں کی پہلی خاتوں ایڈمنسٹریٹو جج رہیں جبکہ صنفی تشدد کے لیے علیحدہ عدالتوں کے قیام اور ای کورٹس میں بیانات اور شواہد ریکارڈ کرنے کے حوالے سے پروسیجر کی تیاری میں بھی فاضل چیف جسٹس نے اہم کردار ادا کیا۔