اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے لیے جسٹس اعجاز الاحسن کو نگران جج مقرر کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دیے جانے اور ان کے بچوں مریم، حسین، حسین نواز اور داماد کپیٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز دائر کرنے کے حکم کے بعد عدالتی کارروائی کی مانیٹرنگ کے لیے جسٹس اعجاز الاحسن کو نگران جج مقرر کردیا گیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نواز شریف نا اہل قرار
نوٹیفیکشن کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کو چیف جسٹس پاکستان نے مقرر کیا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی عدم موجودگی میں جسٹس اعجاز افضل نگرانی کریں گے۔
یاد رہے کہ جسٹس اعجاز الاحسن پاناما کیس کے 5 رکنی اور عملدر آمد کے 3 رکنی بنچ کا حصہ بھی رہے۔ ان کی نامزدگی پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں کی گئی۔
دوسری جانب نیب شریف فیملی کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز ریفرنس کھولنے کی منظوری دے چکی ہے۔ 28 جولائی کے فیصلے کے مطابق نیب کو 6 ہفتے میں شریف خاندان کے خلاف لندن میں جائیداد، عزیزیہ اسٹیل مل اور ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ پر بھی ریفرنس دائر کرنے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کو بھی آمدن سے زائد اثاثے ثابت ہونے پر نا اہل کر کے ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔