سکھر: سربراہ واٹرکمیشن جسٹس(ر) امیرہانی مسلم نے پیرمرادشاہ قبرستان سے نکاسی آب نہ ہونے پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لکھ کر دیں کہ کام کب تک مکمل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ واٹرکمیشن جسٹس (ر) امیرہانی مسلم نے سکھرکا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے قبرستان میں پانی جمع اورباؤنڈری وال کا کام مکمل نہ ہونے پرمیئر کی سرزنش کی۔
سربراہ واٹرکمیشن نے کہا کہ ایک ماہ میں دوسرا دورہ ہے مگرافسوس کام مکمل نہ کیا جاسکا، مجھے لکھ کر دیں کہ کام کب تک مکمل ہو گا۔
جسٹس (ر) امیرہانی مسلم نے کہا کہ کوئی میونسپل ملازم موجود نہیں تھا، سربراہ واٹرکمیشن کے پہنچنے پرآگئے۔
ملازمین نے سربراہ واٹرکمیشن کو بتایا کہ گندا پانی نکالنے والی موٹر بھی خراب ہے اور پیٹرول اورڈیزل بھی موجود نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 18 جولائی کو واٹرکمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم نے سکھر کے قبرستان کی اراضی پرقبضہ اور برسات کا پانی جمع ہونے پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر کو تجاوزات ختم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم نے میونسپل کمشنرسکھرسمیت متعلقہ افسران کی سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگوں کو خدا کا خوف نہیں ہے، قبرستان کی اراضی پرجب قبضہ ہوا تو اس وقت انتظامیہ سو رہی تھی۔