اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے،سراج الحق

اشتہار

حیرت انگیز

نوشہرہ : جماعت اسلامی پختونخواہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نام نہاد جمہوریت پسندوں نے عوام پر ظالم اسٹیٹس کو مسلط کر رکھا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ اسٹیٹس کو کے خلاف جہاد اور بغاوت کا اعلان کرتے ہیں،اسٹیٹس کو ہمارے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے ،سیاست دانوں نے لوٹ مار کر کے بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنائیں اور ملک کے غریب عوام کو مزید غربت کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسٹیٹس کو کے نمائندوں نے ایسے ایسے کارنامے انجام دیے ہیں کہ جمہوریت اپنے نام پر شرما گئی ہے،ملک میں صحت کے شعبے کے لیے مختص رقم فی کس 140 روپے رکھی ہے جب کہ اپنے کتوں کو نہلانے کے بیرون ملک سے مہنگے شیمپو منگوائے جاتے ہیں۔

- Advertisement -

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایسے نطام کے خلاف احتجاج نہ کرنے والے بھی ظالم کے ساتھ کھڑے ہیں اس لیے ہر ایک شخص کو اس جدو جہد میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے اور اسٹیٹس کو کے ناکام بنانے کے لیے اپنا کردار بہ خوبی انجام دینا ہو گا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم کی نظریں پاناما لیکس معاملے میں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں،لیکن عدالت کا حال یہ ہے کہ ایسے شخص کو بری کردیا جاتا ہے جسے دوسال قبل جیل میں پھانسی دے دی گئی تھی،ایسا تب تک ہوتا رہے گا جب تک عدالت کے ججز کے ہاتھوں میں قرآن نہیں آجاتا اور شریعے کے مطابق فیصلے نہیں ہونے لگتے۔

انہوں نے کہا حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتوں نےعوام کو رشوت کا تحفہ دیا ، گندے پانی کا تحفہ دیا ، غربت کا تحفہ بھی دیا عوام کی بہبود کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا۔

سراج الحق نے متنازعہ خبر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے کہ متنازع خبر کے لیک ہونے کی ذمہ داری فیصل مسجد کے امام یا کسی پردہ دار خاتون پر نہ ڈالی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عوام کے ہاتھ میں جو ووٹ کی طاقت ہے ، اسے سیاستدانوں کے خلاف استعمال کریں اور نیک و صالح امیدواروں کو منتخب کریں تا کہ ان کے پرانے اور پیچیدہ مسائل حل ہو سکیں۔

سراج الحق نے تقریر کے آخر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے کشمیر یوں کی قربانی پر خاموشی اختیارکررکھی ہے اورمشرقی پاکستان توڑنے کا اعتراف کرنے والے نریندر مودی سے اظہار محبت کیا جاتا ہے جب کہ مشرقی پاکستان میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے والے حریت پسندوں کو پھانسی دی جا رہی ہے۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں