اسلام آباد : جسٹس (ر) وجہیہ نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے اہل نہیں۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس (ر) وجیہ الدین الیکشن کمیشن دیر سے پہنچے تو چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ملتوی کر چکے تھے،جس کے بعد پارٹی رجسٹریشن کیس کی سماعت ملتوی کرنے پر چیف الیکشن کمشنر اور جسٹس (ر)وجیہہ الدین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
جسٹس (ر)وجیہہ الدین نے چیف الیکشن کمشنر سے کہا کہ آپ انتظار کر لیتے، ہم کراچی سے آئے ہیں، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کچھ زیادہ اونچا بول رہے ہیں،اونچی آوازمیں بولنے سے مجھے تکلیف ہوئی۔
اس پر عام لوگ اتحاد پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ آپ پبلک سرونٹ ہیں اور آپ کو ان باتوں کیلئے تیاررہنا چاہئے۔
جس پر چیف الیکشن کمشنر نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور ان کے وکیل کو اپنے چیمبر سے نکال دیا،جسٹس (ر) وجیہہ الدین الیکشن کمیشن سے چلے گئے۔
جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف احتجاج کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے اہل نہیں، یہ ریٹائرجج یہاں دوسری نوکری کر رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل جاؤنگا
انھوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے میری تضحیک کی، میں اب چیف الیکشن کمشنر کے سامنے پیش نہیں ہو ں گا۔