جمعہ, اکتوبر 25, 2024
اشتہار

’قاضی فائز عیسیٰ کے غصے کے وقت صرف اللہ ہی آپ کو بچا سکتا ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباڈ: نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کے غصے کے وقت صرف اللہ ہی آپ کی مدد کرسکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق فُل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ میں نے قاضی فائز عیسیٰ کو اچھا انسان پایا، آپ ان سے عاجزی سے ملیں تو وہ بھی نرمی سے پیش آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر قاضی فائز عیسیٰ کو کسی نے اکسایا تو پھر خدا ہی آپ کو بچاسکتا ہے۔

- Advertisement -

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ فائز عیسیٰ کو ذاتی خرچ پر ظہرانہ دے رہے ہیں، انہوں نے ظہرانے کا خرچہ مجھ پر ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختیارات کی تقسیم کے اصولوں پر عمل ہوگا اور ان کی پہلی ترجیح دور دراز علاقوں کی ضلعی عدلیہ ہوگی، جن پر فوری توجہ دینا ہوگی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ قوم کیلیے ضروری ہے کہ اختیارات کی تقسیم اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے جانے پر رنجیدہ ہوں۔ ان کو الوداع کہنے پر بہت مختلف احساسات ہیں۔ ان سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اور ہم ان کی کمی محسوس کریں گے۔ آج ان کے اعزاز میں ظہرانہ سرکاری خرچ پر نہیں بلکہ ذاتی خرچ پر ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے بتایا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ کئی بار بینچ میں اختلاف کیا اور انہوں نے ہمیشہ کھلے دل سے میرا موقف سنا۔ قاضی فائز نے ہمیں ہمیشہ ہر چیز کے لیے تیار رکھا۔ ان کے غصے کا کئی بار سامنا کیا، تجربہ اچھا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس احساسات رکھنے والے انسان ہیں۔ مسکرا کر بات کریں گے تو قاضی فائز عیسیٰ کے شائستہ جواب سے آپ مانوس ہونگے، اگر آپ انہیں تنگ کریں گے، تو غصے میں برابری نہیں کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ آج اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی پاکستان کے 30 ویں چیف جسٹس ہوں گے اور ان کے عہدے کی مدت 26 اکتوبر 2024 سے اگلے تین سال تک کے لیے ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں