لاڑکانہ میں طالبہ نوشین کاظمی کی پراسرار موت کے واقعے پر پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج ڈاکٹر گلزار شیخ کا بیان آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج میں طالبہ نوشین کاظمی پراسرار طور پر ہاسٹل کے کمرے میں مردہ پائی گئی تھی، پرنسپل کا کہنا ہے کہ جاں بحق طالبہ کے والد کو ان کی روم میٹ سے ملوایا ہے۔
ڈاکٹر گلزار شیخ نے بتایا کہ پولیس بھی تحقیقات کررہی ہے، کالج نے بھی انکوائری کمیٹی بنائی ہے۔
پرنسپل چانڈکا کالج کا کہنا تھا کہ طالبہ کی پوری باڈی کا ایکسرے اور پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، تحقیقات میں چیزیں سامنے آئیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ طالبہ کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، طالبہ کی موت سے متعلق اس وقت کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔
لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج میں چوتھی کلاس کے میڈیکل کی طالبہ نوشین کاظمی کی گرلز ہاسٹل نمبر چار کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ طالبہ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
نوشین کاظمی کی لاش برآمد ہونے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ’جسٹس فار نوشین کاظمی‘ کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ بن گیا جس میں صارفین انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کررہے ہیں۔