کراچی: کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی میں اضافی گیس کا تنازعہ حل نہ ہوسکا۔ ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ اضافی گیس کے لیے کے الیکٹرک کو قانونی تقاضے پورے کرنے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہوتا جارہا ہے۔ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی میں اضافی گیس کا تنازعہ حل نہ ہوسکا۔
ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو اضافی گیس کے لیے ٹرمز آف ریفرنس ارسال کر دیے ہیں۔ کے الیکٹرک تحریری معاہدے کے بغیر اضافی گیس چاہتی ہے۔ اضافی گیس کے لیے کے الیکٹرک کو قانونی تقاضے پورے کرنے ہوں گے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ادارہ سوئی سدرن سے جی ایس اے کرنے پر آمادہ ہے۔ ایس ایس جی سی کا بقایہ جات چھوڑ کر سود پر بات کرنا نامناسب ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو گیس کی کمی کے باعث 500 میگا واٹ کمی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب شہر کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ کراچی کے علاقوں کورنگی، لانڈھی، ملیر، احسن آباد، گلشن معمار، لیاقت آباد، گلستان جوہر، گلشن اقبال، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی، ماڑی پور، گلشن حدید، گڈاپ، کاٹھور، نیو کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں بدترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں فنی خرابی کے نام پر کئی کئی گھنٹوں کے لیے بجلی بند کی جارہی ہے جس سے عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔