کراچی: مہنگی بجلی کے ستائے کراچی کے عوام کے لیے ایف پی سی سی آئی میدان میں آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف پی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو شہریوں سے اضافی بل نہیں لینے دیا جائے گا، وفاقی چیمبر آف کامرس نے نیپرا اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کو اضافی بجلی بل نہ وصول کرنے دیا جائے۔
ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امان پراچہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چیمبر اضافی بل کے حوالے سے احتجاج کرے گی، کے الیکٹرک کو شہریوں سے اضافی بل کسی صورت نہیں لینے دیں گے۔
انھوں نے کہا قانونی طور یہ نہیں ہو سکتا کہ بل ادا کرنے والوں سے چوری کرنے والوں کا بل بھی لیا جائے، قانون کے مطابق ڈیفالٹر کو آپ نوٹس دیں یا عدالت کے ذریعے ان سے پیسے وصول کریں، اضافی چوری کا بوجھ اگر شہریوں پر ڈالا جائے گا تو ان کے لیے بجلی اور مہنگی ہو جائے گی۔
نیپرا کا کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
امان پراچہ نے کہا نیپرا اور حکومت سماعت میں کے الیکٹرک کے اس مطالبے کو مسترد کرے، اور کے الیکٹرک کو کراچی کے صارفین سے 68 ارب روپے وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔