کراچی: کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ صارفین کو 26 اگست سے نظر ثانی شدہ بل جاری کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق بجلی بلوں میں ایف سی اے ریلیف کے لیے کے الیکٹرک 26 اگست سے ریوائزڈ بلوں کا اجرا کر رہا ہے۔
ترجمان نے کہا صارفین کی سہولت کے لیے کے الیکٹرک کے کسٹمر کیئر سینٹرز بروز اتوار 28 اگست بھی شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
انھوں نے کہا ایف سی اے ریلیف کا اطلاق صرف 200 یونٹس تک استعمال کرنے والے رہائشی نان ٹی او یو صارفین کے لیے ہے، ترمیم شدہ بلوں میں ادائیگی کی آخری تاریخ میں بھی 30 اگست تک توسیع کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق حکومت پاکستان کے اعلان اور بل کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع کا اطلاق صرف ان صارفین پر ہوگا جن کے ترمیم شدہ بل جاری ہوئے ہیں۔
ٹائم آف یوز اور 200 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے رہائشی، تجارتی اور صنعتی صارفین کے بلوں کی تاریخ ادائیگی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
کے الیکٹرک کے مطابق غیر متاثرہ صارفین معمول کے مطابق بلوں کی ادائیگی کریں گے۔