کراچی: شہر قائد میں اعلانیہ کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندہ کراچی رضوان عامر کے مطابق گرمی میں اضافہ ہوتے ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، شہر میں 8 تا 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور بعض علاقوں میں رات بھر بجلی فیل رہتی ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کا موقف ہے کہ شہر میں صرف چار تا چھ گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
بجلی کی بندش کے سبب شہر میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے، مختلف علاقوں میں لوگ پانی بھرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، بجلی فیل ہونے سے عوام کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ سرجانی، اورنگی، لیاری کورنگی اور لانڈھی میں آٹھ تا 10 گھنٹے جب کہ ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد،نارتھ کراچی ، شاہ فیصل اور ملیر میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
لوڈشیڈنگ 2018 میں بھی ختم نہیں ہوگی، حکومت کا اعتراف
دوسری جانب وزارت پانی و بجلی نے اعتراف کیا ہے کہ سال 2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکے گا۔