کراچی: شہر قائد کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر میں گرمی کی بڑھنے کی وجہ سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، جسے پورا کرنے کے لیے کے الیکٹرک کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ کراچی میں گرمی کی وجہ سے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا، کے الیکٹرک ڈیمانڈ پوری کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ عملہ مقامی فالٹ کی درستگی کے لیے فیلڈ میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات، کراچی میں پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا
واضح رہے کہ بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان ’وایو‘ کے باعث کراچی میں شدید گرمی پڑنے لگی ہے، درجہ حرات 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، حبس سے شہریوں کا برا حال ہے، دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت تین روز تک برقرار رہے گی۔
اس صورت حال میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کی اذیت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے
پمپنگ اسٹیشن بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہیں جس کی وجہ سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔
کراچی کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، حسین ڈی سلواٹائون میں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا جبکہ ناظم آباد، پہاڑگنج پاپوش نگر اور اطراف کے علاقوں میں بھی بجلی غائب ہے۔