ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کے الیکٹرک اپنی غفلت کے باعث معذور بچے کا مکمل علاج کروانے کی پابند قرار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کے الیکٹرک کی غفلت سے معذور ہوجانے والے بچے عمر کے اہلخانہ کے اور ادارے کے درمیان معاہدہ طے ہوگیا۔ کے الیکٹرک بچے کا مکمل علاج اور ماہانہ 300 یونٹ بجلی کے مساوی رقم دے گی۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی غفلت سے معذور ہوجانے والے بچے عمر کے کیس میں فریقین کے درمیان معاہدہ طے ہوگیا جس کے بعد عمر کے اہلخانہ نے سندھ ہائیکورٹ سے کیس واپس لے لیا۔

کے  الیکٹرک کے گرفتار کیے گئے 7 اہلکاروں کی ضمانت 50، 50 ہزار کے عوض منظور کرلی گئی۔

عدالت کے حکم پر فریقین میں معاہدے کے تحت کے الیکٹرک عمر کے اہلخانہ کو 25 ہزار روپے ماہانہ دے گی جس میں سالانہ 5 فیصد اضافہ ہوگا۔

کے الیکٹرک کی جانب سے عمر کے مکمل علاج اور ماہانہ 300 یونٹ بجلی کے مساوی رقم بھی دی جائے گی۔

تفتیشی افسر کو معاہدہ ماتحت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں پیش آنے والے واقعے میں کراچی کے علاقے احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث 8 سالہ بچے عمر پر بجلی کے تار گر گئے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق بچہ چیز لینے دکان پر گیا اسی وقت دکان سے ملحقہ پول سے 11 ہزار وولٹ کی تاریں بچے پر گریں۔

بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بازو کاٹنے کا مشورہ دیا۔ کے الیکٹرک کی مجرمانہ غفلت سے بچے کے دونوں ہاتھ ضائع ہوگئے۔

بچے کی تاعمر معذوری پر والد محمد عارف نے کے الیکٹرک مینجمنٹ کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ دائر کردیا تھا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے کے الیکٹرک کے 7 ملازمین کو گرفتار کرلیا تھا۔

بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی بھی ہدایات جاری کی تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں