اسلام آباد: چیئرمین واپڈا مزمل حسین کا کہنا ہے کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے 4 کو 2023 تک مکمل کرلیں گے اور کراچی کو اکتوبر 2023 تک وافر پانی مہیا کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے 4کے معاہدے پردستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، فرخ حبیب اورچیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین اورآسٹریا کےسفیر شریک ہوئے۔
تقریب میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کراچی کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی دستیابی کی کمی کا سامنا ہے ، کراچی کو 1300 ملین گیلن پانی چاہیے ، وفاقی حکومت جلد از جلد اس منصوبے کو مکمل کرنا چاہتی ہے۔
مزمل حسین کا کہنا تھا کہ حکومت سے رائٹ آف وے اور فنڈز کی بروقت فراہمی کی درخواست کی ہے، کے فور منصوبہ 2023 تک مکمل کرلیں گے اور کراچی کو اکتوبر 2023 تک وافر پانی مہیا کر دیں گے۔
اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹرکےفور عامرمغل نے کہا کہ 15 کمپنیوں نے منصوبےمیں اظہار دلچسپی ظاہر کی ہے، واپڈانےآئی ایل ایف آسڑیا اور 2پاکستانی کمپنیوں کوڈیزائن کنسلٹنٹسی دی ہے ، منصوبے کے ڈیزائن کنسلٹنٹسی کی لاگت ایک ارب 14 کروڑ روپے ہے ، کے فور منصوبے سے کراچی کو 650 ملین گیلن صاف پینے کا پانی ملے گا۔
بعد ازاں وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب اور چیئرمین واپڈا نے میڈیا سے گفتگو کی ، چیئرمین واپڈا نے کہا کہ کے فور منصوبے کی تاخیر کی بنیادی وجہ سروے اور الائنمنٹ کی تھی ، اس منصوبے میں چار ذیلی منصوبے ہیں ، وزیر اعظم نے فیصلہ کیا تھا کہ یہ منصوبہ مرکز مکمل کرے گا۔
وزیر مملکت فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیحات عوام کے مسائل حل کرنا ہے، کئی سالوں سے کے فور کا منصوبہ رکا رہاہے، پی پی حکومت ایک نالہ تو صاف نہیں کر سکتی کے فور کس طرح کرے گی، کراچی کے منصوبوں کو اتفاق رائے سے مکمل کریں گے۔