روالپنڈی: مرغزار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا روانہ کر دیاگیا ہے، فضائی حدود استعمال کے معاملے پر بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں 10 گھنٹے تاخیر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے تنہا ترین سمجھے جانے والے ہاتھی کاوان کو آخر کار 35 سال بعد تکلیف دہ صورت حال سے نجات مل گئی، اور اسے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کر دیا گیا۔
کاوان کو دیگر ہاتھیوں کے ساتھ کمبوڈیا میں قدرتی مسکن جنگل میں رکھا جائے گا، 2012 میں ساتھی ہتھنی کے مر جانے کے بعد سے کاوان تنہا زندگی گزار رہا تھا۔
روس کا خصوصی کارگو طیارہ کاوان کو کنٹینر میں لے کر روانہ ہوا، گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ ہاتھی کو بے ہوش کر کے منتقل کیا جائے گا، 2 غیر ملکی ڈاکٹرز اور 8 رکنی ٹیکنیکل ٹیم بھی ساتھ روانہ ہوئی ہے۔
کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)
ہاتھی کاوان کی کمبوڈیا منتقلی جانوروں کے حقوق کی تنظیم فورپا کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے، 9 من وزنی کنٹینر کی منتقلی کے لیے این ایل سی نے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔
یاد رہے کہ کاوان ہاتھی 35 سال قبل سری لنکا کی جانب سے تحفے میں دیاگیا تھا، کاوان کو گزشتہ روز طیارے میں کمبوڈیا روانہ کیا جانا تھا لیکن بھارت نے فضائی حدود کا جھگڑا کھڑا کر دیا جس کی وجہ سے دس گھنٹے کی تاخیر ہو گئی۔