چندی گڑھ : بھارت میں کبڈی کے کھلاڑی کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے الزام میں پانچ پولیس اہلکاروں سمیت چھ ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب میں طاقت کے نشے میں بد مست پولیس اہلکاروں نے ایک کبڈی کے پہلوان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چندی گڑھ پنجاب میں اتوار کی شب ایک کبڈی کھلاڑی گورمیج سنگھ کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے الزام میں وزیر اعلیٰ کی سیکیورٹی میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل پر مشتمل پانچ پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ضلع گورداس پور میں سڑک پر راستہ نہ دینے پر ملزمان اور متوفی کے مابین جھگڑا ہونے کے بعد پیش آیا، اس وقت پولیس اہلکار نشے میں تھے۔
اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) رچپال سنگھ نے ملزمان کی گرفتاری کے بارے میں میڈیا کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے، مذکورہ ملزمان اسسٹنٹ سب انسپکٹر رنجیت سنگھ اور بلجیت سنگھ دونوں ہی امرتسر میں تعینات ہیں۔
ہیڈ کانسٹیبل اوتار سنگھ اور ابلکار سریندر سنگھ جو وزیر اعلیٰ کی سیکیورٹی اور سمرت سنگھ کے ساتھ تعینات ہیں، پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان دو کاروں میں سفر کر رہے تھے۔
راستے میں وہ ایک لیڈی ایکسائز انسپکٹر امرپریت کور کی کار کو اوورٹیک کرنا چاہتے تھے لیکن تنگ سڑک کی وجہ سے انہیں راستہ نہیں دے سکی،15منٹ کے تعاقب کے بعد ملزمان نے اس کی گاڑی روکی اور اس کے ساتھ مبینہ طور پر بد تمیزی کی۔
اس دوران لیڈی ایکسائز انسپکٹر امرپریت کور نے اپنے بہنوئی گرمیج سنگھ کال کی جو گاؤں کی سطح پر کبڈی کا کھلاڑی ہے اور مدد کے لئے بلایا۔
بعد ازاں گرمیج سنگھ اور اہکاروں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد پولیس اہلکاروں میں سے ایک نے گورمیج پر سرکاری ریوالور سے فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، موقع پر موجود لوگوں نے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کیخلاف قتل کلا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم پولیس ترجمان نے گولی چلانے والے ملزم کا نام بتانے یا اس کی شناخت ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔