گجرات: کبڈی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے آذربائیجان 10 پوائنٹس سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، ایونٹ کے چھٹے روز پاکستان نے آذربائیجان کو شکست دے دی۔
قومی کبڈی ٹیم نے آذربائیجان کو 10 پوائنٹس سے شکست دی، پاکستان نے آذربائیجان کو 40 کے مقابلے میں 30 پوائنٹس سے ہرایا۔
پوائنٹس ٹیبل پر قومی کبڈی ٹیم گروپ بی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، قومی ٹیم نے تین میچ کھیلے ہیں اور اب تک ناقابل شکست ہے، آسٹریلیا 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
مزید پڑھیں: کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز، کینیڈا کو شکست
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کبڈی ٹیم نے آسٹریلیا کو 25 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دوسرے میچ میں بھارت نے سخت مقابلے کے بعد ایران کو 39-50 سے ہرا دیا تھا، بھارتی کھلاڑی وینے کھتری کو بہترین ریڈر جبکہ ارش جھولا کو بہترین جاپھی کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ تیسرے میچ میں جرمنی نے سیرالیون کو 14-43 سے بآسانی شکست دے دی تھی۔